کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر سے نکالے جانے والے جلوسوں ، ریلیوں اور اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی تعیناتی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر میں 458 جلوسوں، 57 ریلیوں اور ایک ہزار سے زائد اجتماعات کی حفاظت کیلیے30ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جس میں 574 موٹر سائیکلیں جبکہ521 پولیس موبائلیں بھی مسلسل گشت کرینگی جبکہ سب سے زیادہ پولیس کی نفری ایسٹ زون میں تعینات کی گئی ہے۔
بارہ ربیع الاول کے موقع پر پولیس نفری کی تعیناتی کے حوالے سے کراچی پولیس چیف کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ویسٹ زون میں مجموعی طور پر 174 جلوس ، 52 ریلیاں اور 645 اجتماعات منعقد ہونگے اور ان کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 439 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔