تحریر : محمد ارشد قریشی چائینا ریڈیو انٹرنیشنل عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری ریڈیو اسٹیشن ہے جس کی نشریات کا آغاز تین دسمبر 1941 کو ہواجس کی نشریات دنیا بھر میں سنی جاتی ہیں اور جس کا مقصد دنیا کو چین کے بارے میں آگاہ کرنا، چینی عوام اور دنیا کو ایک دوسریسے سے قریب لانا ہے، چائینا ریڈیو انٹرنیشنل تینتالیس زبانوں میں اپنے پروگرام نشر کرتا ہے جس میں اردو زبان سر فہرست ہے ریڈیو چین کی اردو سروس ایک کامیاب اور مقبول ترین سروس ہے جسے یکم اگست 2016 کو پروگرام نشر کرتے ہوئے پچاس برس ہوجائینگے۔
اردو نشریات کا آغاز یکم اگست 1966 کو ہوا جو پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشائی ملکوں میں سنی جاتی ہیں ریڈیو چین اردو سروس سے دن میں ایک گھنٹے کے پروگرام تین دفعہ نشر کیئے جاتے ہیں ابتدائی دور میں یہ نشریات میڈیم ویو کے علاوہ کلوہڑز پر ہی نشر کی جاتی تھیں لیکن جوں جوں ریڈیو نے اپنی شکل تبدیل کی اسی طرح ریڈیو چین کی نشریات میں بھی کئی تبدیلیاں رونما ہوئیں اور اب یہ نشریات مقامی ایف ایم ریڈیو کے تعاون سے پاکستان کے کئی علاقوں میں نشر کی جاتی ہیں جبکہ اردو نشریات کے پروگرام انٹرنیٹ اور موبائیل ایپ کی ذریعے بھی سنے جاسکتے ہیں۔
ریڈیو چین سے نشر ہونی والی عالمی خبریں منصفانہ اور غیرجانبدارانہ ہوتی ہیں جبکہ حالات حاضرہ پر بہترین تجزیے بھی سننے کو ملتے ہیں اردو سروس سے نشر ہونے والے پروگراموں کو بھی اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی ثقافت اور اس سے ہم آہنگ پاکستانی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے ہر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق پروگرام نشر کیئے جاتے ہیں اور پاکستانی طلبہ کے لیئے بہت سے پروگرام نشر کیئے جاتے ہیں جس میں چین میں تعلیم پذیر طلبہ سے بات چیت پر مبنی پروگرام ہوتے ہیں جن سے ان طلبہ کو بہت مدد ملتی ہے جو اعلی تعلیم کے لیئے چین جانا چاہتے ہیں۔
Pakistan
پاکستان کے خصوصی دنوں یا تہواروں کے حوالے سے بھی پروگرام نشر کیئے جاتے ہیں ایک بہت دلچسپ بات یہ کہ ریڈیو چین سے نشر ہونے والے پروگرام پاکستانی میزبانوں کے ساتھ ساتھ چینی میزبان بھی نشر کرتے ہیں جو نہایت عمدہ اردو بولتے ہیں جبکہ نشریات کے علاوہ ریڈیو چین کی اردو سروس سے باقاعدہ ایک رسالہ نوائے دوستی بھی شائع کیا جاتا ہے، چینی زبان سیکھنے کے خواہش مند اردو سروس سے روزآنہ کی بنیاد پر نشر ہونے والے پروگرام آئیے چینی سیکھیں سے با آسانی چینی زبان سیکھ سکتے ہیں ساتھ ہی چینی زبان سیکھنے کے خواہش مندوں کو ریڈیو چین کی جانب سے چینی زبان سیکھانے کی کتب بھی بغیر کسی معاوضے کے بھیجی جاتی ہیں۔
ریڈیو چین کی اردو سروس سننے والوں کی جہاں بڑی تعداد دنیا بھر میں ہے وہیں ایک بہت بڑی تعداد میں ریڈیو چین کے سامعین پاکستان میں بھی موجود ہیں جو باقاعدگی سے ان پروگراموں کو سنتے ہیں اور ان کے بارے میں اپنی رائے بھی دیتے ہیں، پاکستان کے کئی علاقوں میں ریڈیو چین سننے والے سامعین نے سامعین کلب یا سامعین سوسائٹی بھی بنائی ہوئی ہیں جس کے تحت اکثر چینی ثقافتی نمائشیں بھی منعقد کی جاتی ہیں،ریڈیو چین کا عملہ بھی اپنے سننے والے سامعین سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور پروگراموں کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیئے سننے والوں سے مشورے لیئے جاتے ہیں، پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات بہت پرانیاور مستحکم ہیں اور ریڈیو چین کا اس حوالے سیکردار ہمیشہ اہم اور قابل تعریف رہا ہے۔
ریڈیو چین کی اردو سروس کی جانب سے اپنے سننے والوں کے درمیان کئی انعامی مقابلے بھی منعقد کیئے جاتے ہیں اور کئی ایسے بھی انعامی مقابلے کرائے جاتے ہیں جس میں کامیابی حاصل کرنے والے سامع کو ریڈیو چین اردو سروس کی جانب سے چین مدعو کیا جاتا ہے گذشتہ پچاس برسوں میں کئی سامعین چین کی سیر کرچکے ہیں۔ریڈیو چین کا ریڈیو پیکنگ کے نام سے چلنے والا یہ کارواں آج تک نہایت کامیابی سے رواں دواں ہے جس کا موجودہ نام چائینا ریڈیو انٹرنیشنل ہے ان پچاس سالوں میں ریڈیو چین کی اردو نشریات سننے والے سامعین میں بہت اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے،ہماری دعا ہے کہ ریڈیو چین اسی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک اور اس کی عوام میں محبتیں اور قربتیں پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے۔