امرتسر(جیوڈیسک)بھارت کے دورے پرآئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون امرتسرمیں جلیانوالہ باغ کی یادگار پر پہنچے اور پھول چڑھائے۔چورانوے سالہ تاریخ میں اس جگہ آنے والے وہ پہلے برطانوی وزیراعظم ہیں۔
بھارت آئے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے آج امرتسر کا خصوصی دورہ کیا۔اس موقع پر وہ جلیانوالہ باغ کے واقعے میں شہید ہونیوالوں کی یادگار پر گئے۔اس موقع پر ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا جلیانوالہ باغ کا سانحہ برطانوی دور حکومت کا شرمناک واقعہ تھا۔ڈیوڈ کیمرون نے جلیانوالہ کے شہدا کی یادگار پرپھول چڑھائے اور کچھ دیر خاموشی اختیار کی۔
جلیانوالہ باغ کا واقعہ انیس سو انیس میں پیش آیا جب انگریز فوج نے فائرنگ کر کے سیکڑوں افراد کو شہید کر دیا تھا۔یہ لوگ تحریک آزادی کے رہنماں کی رہائی کا مطالبہ لے کر جلیانوالہ باغ میں جمع ہوئے تھے۔فوج کی فائرنگ سے باغ میں موجود ایک ہزار سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔
جلسہ گاہ سے نکلنے کا کھلا راستہ نہ ہونے کے باعث سیکڑوں لوگ باغ میں پھنس گئے اور گولیوں کا نشانہ بنتے رہے۔انگریز فوج کی اس بربریت نے ہندوستان کی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کے بجائے اور بھی مضبوط کیا۔اس واقعے کے ذمہ دار جنرل ڈائرکواودھم سنگھ نامی نوجوان نے انیس سو چالیس میں لندن میں گولی مار قتل کر دیا تھا۔