لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے انجرڈ فاسٹ بائولر جنید خان کی جگہ راحت علی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ ممکنہ طور پر ٹیم کا حصہ بننے والے بلاول بھٹی بھی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر راحت علی کو ہیمسٹرنگ کا شکار جنید خان کی جگہ 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ورلڈ کپ سکواڈ میں شرکت کے لیے راحت علی کا نام آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔
پی سی بی راحت علی کے آسٹریلیا کےویزے کے لیے کل درخواست جمع کرائے گا جس کے بعد راحت علی کچھ دن تک ٹیم کو آسٹریلیا میں جوائن کرلیں گے۔ راحت علی کو عالمی کپ کے لیے 30 رکنی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں میں بلاول بھٹی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن وہ خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بلے بازوں کے عتاب کا نشانہ بننے والے بلاول بھٹی سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا نہ اتر سکے۔ کیویز کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 93 رنز دے کر سب سے زیادہ رنز دینے والے پاکستانی بائولر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔