رحیم یارخان : روٹری کلب کے زیر اہتمام پولیو آگاہی مہم کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول گلشن اقبال میںامام وخطیب مسجد گلزار مدینہ قاری فدا حسین سعیدی نے کہا کہ شفا ء منجانب اللہ،ویکسین اورادویات خدائی تحفہ اور بیماریوں سے بچائو فرض ہے۔دنیا بھر کے علماء کا فتویٰ ہے کہ پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پلانا جائز ہے
اس میں کوئی حرام عنصر شامل نہ ہے ۔لہذا والدین اپنے بچوں کو بلاخوف ہر پولیو مہم میں اس کے دو قطرے پلا کر انہیں زندگی بھر کی معذوری سے بچائیں۔ممبر پاکستان پولیو کمیٹی ممتاز بیگ اورمس شمینہ اشرف نے بتایا کی دنیا میں پولیو کے خاتمہ میں علماء نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔والدین،علمائ، مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنمائوںکے ساتھ ساتھ محکمہ صحت، سول سوسائٹی اور سکیورٹی اداروں کی مربوط کوششوں سے رواں سال پولیو وائرس میں 90فیصد سے زیادہ کمی ہو چکی ہے
اگلے سال تک وطن عزیز بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چوہدری محمد اسلم،ہیڈماسٹرارشد علی،روٹیرین ناصر محمودلالہ،جان محمد وارثی، ذوالفقار بیگ،محمد صادق ضیاء ،محسن حفیظ،مس تعظیم،رانا محمد افضل، یونیسف اورمحکمہ صحت کے عملہ نے شرکت کی اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔روٹری کلب کی طرف سے کیپس، شرٹس ،پولیو کٹس ، سپیکنگ بکس ، سٹوری بکس اور ورکرز کیلئے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں۔