رحیم یار خان: سسرالیوں نے خاتون کو زندہ جلا ڈالا، شوہر نے بیوی کے ہاتھ پاؤں توڑ دیئے

Rahim Yar Khan

Rahim Yar Khan

رحیم یار خان (جیوڈیسک) غربت، مہنگائی یا جہالت معاشرے میں عدم برداشت بڑھتا ہی جارہا ہے، رحیم یارخان میں سُسرالیوں نے 6 بچوں کی ماں کو زندہ جلاڈالا، ایک اور واقعے میں ظالم شوہر نے بیوی کے ہاتھ پاؤں توڑ دیئے۔

خواتین پر تشدد کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، رحیم یار خان میں بے رحم سُسرالیوں نے 6 بچوں کی ماں کیساتھ ظلم کی انتہاء کردی، شوہر، نند اور دیور نے بینش پر پیٹرول چھڑکا اور جلا ڈالا۔

زخمی خاتون شیخ زید اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں ہے جس کا 72 فیصد جسم جل چکا ہے۔ متاثرہ خاتون کا شوہر کچھ اور ہی کہانی سُنارہا ہے، اکبر کہتا ہے گھریلو تنازع پر بینش نے خود کو آگ لگالی۔

ایک اور واقعہ رحیم یار خان کے علاقے ظاہر پیر میں پیش آیا جہاں 7 بچوں کی ماں جندن مائی نے راشن نہ ہونے پر شوہر بشیر احمد سے آٹا لانے کا کہا تو وہ مشتعل ہو گیا اور ڈنڈے مار مارکر غریب خاتون کی دونوں ٹانگیں اور بازو توڑ ڈالے۔

محنت مزدوری کرنیوالی جندن مائی کے بھائیوں کو خبر ہوئی تو انہوں نے بشیر احمد کی بھی خوب خبر لی اور اتنا پیٹا کہ بشیر کی ایک آنکھ ہی پھوڑ ڈالی، پولیس دونوں واقعات کی چھان بین کررہی ہے۔