رحیم یار خان (جیوڈیسک) رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پورمیں غربت اور علاج کی سکت نہ رکھنے والے بیٹے نے مجبوراً اپنی ذہنی معذور بہن اور ماں کو زنجیروں سے باندھ دیا۔
خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ بیت المال نے غریب خاندان کیلئے مالی مدد اور علاج کرانے کا اعلان کردیا۔ تحصیل لیاقت پور کے نواحی علاقے ٹھل حمزہ میں 15 سال قبل جوان بیٹے کے قتل نے ماں اور بہن کے حواس معطل کردیئے تھا۔
دونوں خواتین صدمے کے باعث ہوش و حواس کھوبیٹھی تھیں جس کے بعد آج تک انکی ذہنی حالت اعتدال پر نہ آسکی۔چائے کا ٹھیلہ لگانے والے مفلوک الحال شفیق کیلئے ماں اور بہن کا دکھ کیا کم تھا جو بیوی اور بےروزگار بھائی کی بیوی کی بیماری نے رہی سہی کسر پوری کر دی۔
ذہنی معذور ماں اور بہن کاعلاج ممکن نہ ہوسکا تو مجبوراً دونوں کو گھر کے صحن میں زنجیروں سے باندھ دیا گیا، کیونکہ غریب شفیق کیلئے انتہائی محدود آمدنی میں ماں، بہن، بیوی اور بھابھی کا علاج کرانا ممکن نہیں ہے۔ جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ بیت المال نے اس غریب خاندان کیلئے مالی مدد اور علاج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔