بھارت (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے کانگریسی رہنما راہول گاندھی کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ ضلع مظفر نگر میں ہونے والے حالیہ فسادات میں آئی ایس آئی ملوث تھی۔ راہول گاندھی کا دعوی ہے کہ آئی ایس آئی ضلع مظفر نگر میں ان مسلمانوں نوجوانوں کے ساتھ رابطے میں تھی جن کے خاندان حالیہ فرقہ وارانہ فسادات میں بیگھر ہوچکے ہیں۔
تاہم اتر پردیش حکومت نے اس دعوے کو غلط قرار دیا ہے، حکام کے مطابق حکومت کے پاس ایسی کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں کہ مظفرنگر میں آئی ایس آئی سرگرم رہی ہے۔ راہول گاندھی کے بیان کی مسلمان رہنماوں اور سماج وادی پارٹی نے کڑی مذمت کی ہے۔ مسلمان رہنما مولانا خالد رشید کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی کانگریس کے بجائے کسی فرقہ پرست رہنما کے طور پر بات کررہے ہیں۔