چھاپہ مارٹیموں کو از سر نو تشکیل دیا جائے گا، جن میں اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز اور دیگر ضلعی افسران کو بھی شامل کیا جائے گا
Posted on September 28, 2013 By Tahir Webmaster ملتان
ملتان : ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ملتان سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ انسداد بجلی و گیس چوری مہم کو دوبارہ نئے جذبہ اور جوش سے شروع کیا جائے گا۔ چھاپہ مارٹیموں کو از سر نو تشکیل دیا جائے گا۔ جن میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز اور دیگر ضلعی افسران کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اب صنعتی،تجارتی کے ساتھ گھریلو کنکشن بھی چیک کیے جائیں گے۔ انسداد بجلی و گیس چوری ٹیمیں روزانہ کی بنیا د پر کاروائی کرینگی اور اس کی رپورٹ دیں گی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی سی او ہائوس میں انسداد بجلی و گیس چوری کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اے ڈی سی، علی اکبر بھٹی، ایس ای میپکو ملتان سرکل ملک احمد سعید وینس، جی اے آر فاروق ڈوگر، مپیکو اور سوئی گیس کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او سید گلزار حسین شاہ نے مزید کہا کہ پہلے بھی انسداد بجلی و گیس چوری ٹیموں نے کروڑوں روپے کی بجلی و گیس چوری پکڑی ہے۔ اب بھی پہلے سے مزیدبہتراور مربوط انداز میں کام کرینگے۔
بجلی اور گیس چوروں کو پکڑا جائے گا۔ جو ملک اور قوم کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ڈی سی اونے مزید کہا کہ میپکو اور سوئی گیس افسران کو انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہو گا۔ اجلاس میں ایس ای میپکو ملک احمد سعید وینس نے بتایا کہ میپکو ملتان سرکل نے سب سے زیادہ بجلی چوروں سے ریکوری کی ہے۔اب تک 610بجلی چوروں کے خلاف اندراج مقدمات کیلئے درخواستیں دی گئی ہیں۔ جن میں سے 368 ملزمان کے چالان ہوئے ہیں۔
گھی،فلورملز،کولڈسٹوریج وغیرہ کی چیکنگ مکمل کرلی گئی ہے، آئل ملز اور کاٹن جننگ ملز کی چیکنگ جاری ہے۔ مچھلی فارموں پر لگے بجلی کے میٹروں کی چیکنگ کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں محکمہ گیس کے افسران نے بتایا کہ گیس چوری روکنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز اڈالاڑ میں ایک ہوٹل میں گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ایک ہسپتال میں گیس پر جنریٹرچلایا جارہا تھااور ایک مدرسے کا میٹر بھی غائب تھااس کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔ اب شادی ہالز کی چیکنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔