جھنگ: ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر کی ہدایت پر چھاپہ مار ٹیم نے موضع دوسہراکے علاقہ میں اچانک چھاپہ مار کر جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمرکوشکایت ملی کہ موضع دوسہرا میں عرصہ دراز سے سمگلنگ شدہ زائدالمعیاد خشک دودھ ،مضر صحت کوکنگ آئل ،تیزاب ،بلیچ،کاسٹک سوڈا وغیرہ سے روزنانہ دو ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ و کھویا تیارکرکے مختلف شہرو ں میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔
جس کا ڈی سی او نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اے ڈی سی ہارون رشید کی قیادت میں چھاپہ مار پارٹی تشکیل دی جس میں ایم ایس ڈاکٹر ممتاز سیال،ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر،تحصیلدار،ریونیو عملہ اور مقامی تھانہ کی پولیس کے علاوہ پولیس لائن جھنگ سے بھاری پولیس نفری شامل تھی نے آج صبح موضع دوسہرا میں چھاپہ مار کر جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی اور فیکٹری مالک اریان خان اوراسے کیمیکل فروخت کرنے والے الفضل سٹور کے مالک فضل الرحمن کو موقع پر گرفتار کرکے فیکٹری میں استعمال ہونے والے مشینری آلات و کیمیکلز قبضہ میں لیکر متعلقہ تھانہ کے حوالے کئے ۔تھانہ قادر پولیس نے ملزمان کے خلاف پرچہ درج کرکے ملزم اریان خان سے برآمد ہونے والے بکری کے26ہزار روپے قبضہ میں لیکر فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔