اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ریلوے کا قرضہ 58 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، خسارہ 34 ارب روپے ہوچکا، پرانے انجنوں سے ریل نہیں چل سکتی، 2008 سے اب تک ایک بھی نیا انجن نہیں خریدا گیا۔ قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا کہ 2013 میں ریلوے کا کل قرضہ 58 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
جو 2008 میں 37 ارب 97 کروڑ روپے تھا، 5 سال میں ریلوے کے اندرونی و بیرونی قرضوں میں 21 ارب روپے اضافہ ہو ا۔ انہوں نے بتایا کہ 2013 میں ریلوے کا خسارہ 34 ارب روپے ہو گیا ہے جو 2008 میں 28 ارب 81 کروڑ روپے تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 2008 میں 406 ریلوے انجن کام کر رہے تھے۔
اب صرف 180 انجن فعال ہیں، 2008 سے اب تک ایک بھی نیا انجن نہیں خریدا گیا، پہلے بھی کہا تھا 400 انجن دے دیں پھر مسئلہ ہو تو گلے میں رسی ڈال دیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بیوروکریسی سے لڑ لڑ کر اگست 2012 میں 7 منصوبے منظور کرائے، جن کا فائدہ اب آئندہ حکومت کو ہو گا۔