لاہور (جیوڈیسک) چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور کی سربراہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیرانتظام ایشین ڈیولپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایشین ڈیولپمنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ڈویژن زیاؤہانگ یانگ نے اپنی 4 رکنی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پلاننگ مظہر علی شاہ نے وزارت ریلویز کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے میں ہونے والی اصلاحات کی بدولت ریلوے کی آمدن میں اضافہ ، رولنگ سٹاک اور انفراسٹرکچر میں بہتری آئی ہے۔
ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے ملک میں ریلوے کے نظام میں بہتری اور ترقی کے حوالے سے 5 ممالک کے مختلف ماڈل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ریلوے میں پلاننگ کی جا سکتی ہے۔