ریلوے گڈز ٹرین طویل عرصے بعد درآمدی سامان لیکر کراچی سے فیصل آباد پہنچ گئی

Railway

Railway

فیصل آباد (جیوڈیسک) طویل عرصے کے بعد کراچی بندر گاہ سے درآمدی سامان کے 72 کنٹینرز لے کر پاکستان ریلوے کی گڈز ٹرین فیصل آباد ڈرائی پورٹ پہنچ گئی ہے جس پر ریلوے ملازمین اور محنت کشوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور پاکستان ریلوے کے حکام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ پر کام کرنے والے محنت کشوں نے بتایاکہ ایک عرصے بعد پاکستان ریلوے کی جانب سے دوبارہ گڈز ٹرینوں کو فعال بنایاگیا ہے جس سے درآمدی و برآمدی سامان کی وسیع پیمانے پر نقل و حمل کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے جہاں درآمدی و برآمدی سامان کی بروقت و محفوظ ترسیل ہو سکے گی وہیں پاکستان ریلوے کی آمدنی میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کے حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فیصل آباد سے کراچی کے درمیان ایک ٹرین چلانے کیلیے ضروری اقدامات کریں تاکہ صنعتی، کاروباری، تجارتی طبقے کے ساتھ ساتھ امپورٹرز و ایکسپورٹرز بھی پاکستان ریلوے کی سہولت سے استفادہ کرسکیں اور محنت کشوں کیلیے روزگار کا سلسلہ بھی جاری و ساری رہ سکے۔