اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان ریلویز نے گزشتہ ایک سال میں اربوں روپے مالیت کی 3ہزار 500ایکڑ سے زائد قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروالی ہے جبکہ 4ہزار 301.655ایکڑ اراضی ملک بھر تجاوزات ختم کرنے کے لیے جامع پالیسی مرتب کی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پاکستان ریلویز حکام کا ملک بھر میں ریلویز کی قیمتی زمین پر قبضہ مافیا کے خلاف کمپین کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ناجائز تجاوزات پر گرفتار کیا گیاہے۔ پاکستان ریلویز کی دستاویز کے مطابق پاکستان ریلویز تجاوزات سے واگزار ہونے والی اراضی پر شارٹ ٹرم لیزنگ کے پلان پر عمل کر رہی ہے جس کے مطابق ریلویز نے رواں مالی سال 2015-16میں ریلوے اراضی کی لیزنگ سے ایک ارب پچاس کروڑ روپے کا پلان تیار کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر میں موجود پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ جون 2016تک پاکستان ریلویز کی تمام اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹراز کرلیا جائے گا جس کے بعد ریلویز زمینوں پر تجاوزات کو ختم کرنے میں آسانی ہوگی۔
پاکستان ریلویز دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلویز کی ملک بھر میں اس وقت تک چار ہزار تین سو ایک اعشاریہ چھ سو پچپن ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیہ کا قبضہ ہے۔ ریلویز دستاویزات کے مطابق سرکاری اداروں کی جانب سے ملک بھر میں 540.668ایکڑ اراضی پر جبکہ دفاعی اداروں کاپاکستان ریلویز کی کل 251.238ایکڑ اراضی جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 3509.749ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ ریلویز دستاویز کے مطابق پنجاب میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 1837.371ایکڑ، خیبر پختون خوا میں13.077 ایکڑ،سندھ میں 1097.235 ایکڑ اراضی اور بلوچستان میں 562.066ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔
دفاعی اداروں کی جانب سے پنجاب میں 172.925 ایکڑ، خیبرپختونخوا میں 14.730ایکڑ،سندھ میں 15.360ایکڑ اراضی اور بلوچستان میں 48.223 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے پنجاب میں 271.403ایکڑ،خیبرپختونخوا میں 224.556 ایکڑ، سندھ میں 34.325ایکڑ اور بلوچستان میں 620.48ایکڑ ریلوے اراضی پر قبضہ ہے۔ پاکستان ریلویز نے ریلوے کی زمینوں کی 99سال کی لیز کے بجائے مڈٹرم لیز آفر کرنے کا سلسلہ شروع کیاہوا ہے۔
گزشتہ دو سالوں میں ریلویز کی زمینوں کو مڈٹرم لیز کرکے 30کروڑ 64لاکھ روپے کا ریونیو حاصل کیاہے جبکہ اس سے قبل پانچ سالوں میں صرف 24کروڑ 33 لاکھ روپے کا ریونیو حاصل کیا۔ دستاویز کے مطابق پاکستان ریلویز نے رواں مالی سال 2015-16کے لیے ریلوے اراضی کی لیزنگ سے ایک ارب پچاس کروڑ روپے کا پلان تیار کیا، جس میں ریلویز کی پہلے سے کرائے پر دی گئی اراضی سے بیس کروڑ روپے، دکانوں اور اسٹالز کے لیے دی گئی اراضی سے 43 کروڑ روپے،زرعی استعمال کے لیے دی گئی اراضی سے تیس کروڑ روپے، پارکنگ کی لیے لیز کی گئی اراضی سے 23کروڑ 20لاکھ ،پائپ لائن اور کیبل بچھانے کے لیے لیز آؤٹ کی گئی زمین سے 34 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔