ریلوے مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کمانڈوز کی تعیناتی شروع

Railway

Railway

کراچی (جیوڈیسک) ریلوے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کمانڈوز کی تعیناتی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، حکومت نے ریلوے کو فوج کے ریٹائرڈ ایس ایس جی کمانڈوز بھرتی کرنے کی اجازت دے دی۔

ریلوے کا سفر ہو گا اب محفوظ تر، مسافروں کی جان ومال کی حفاظت پر مامور ہوں گے کمانڈوز۔ پہلے مرحلے میں ریلوے پولیس کے 54 چاق و چوبند جوانوں کو فوج سے کمانڈو تربیت دلوا کر ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں، مسافر بھی خوش ہیں، کہتے ہیں ان میں تحفظ کا احساس بڑھ گیا۔

حکومت نے جدید اسلحہ اور دیگر ساز و سامان کی خریداری کے لئے نہ صرف ایک ارب روپے جاری کر دیئے بلکہ ریلوے پولیس کو فوج کے ریٹائرڈ ایس ایس جی کمانڈوز بھرتی کرنے کی اجازت بھی دے دی۔ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرےاور واک تھروگیٹس نصب کرنے کے ساتھ میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے تلاشی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔

ریلوے پولیس میں کمانڈوز کی تعیناتی سے جہاں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی، وہیں مسافر بھی خود کو زیادہ محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔