کراچی :ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں ملیر 15 تا ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن تک ریلوے ٹریک کے اطراف قائم کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ کرکے گرین بیلٹس کی تعمیر کے ساتھ صاف ستھرا اور سرسبز ماحول کا قیام اداروں کے باہمی اشتراک اور عوامی تعاون کے ذریعے یقینی بنا یا جائیگا۔
ضلع کورنگی کے ہر علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ صفائی وستھرائی اور سرسبز ماحول کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے تیزی کے ساتھ اقدامات جاری ہیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے ڈی ایس ریلوے نثار میمن کے ہمراہ وائر لیس گیٹ تا کالونی گیٹ ریلوے ٹریک کے اطراف گرین بیلٹس کی تعمیر کے حوالے سے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز ،ڈائریکٹر پارک جاوید اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے محکمہ ہیلتھ کے ایریا انسپکٹرز ،سب انسپکٹرز اور مقدموں کو ہدایت کی کہ ریلوے ٹریک کے اطراف کچرے کے ڈھیروں کو صاف کرنے کے ساتھ کچرے کو آگ لگانے اور ریلوے ٹریک کے اطراف کچرا پھنکنے پر پابندی عائد کی جائے اس موقع پر انہوں نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ ریلوے حکام کے تعاون سے ریلوے ٹریک کے اطراف گرین بیلٹس کی تعمیر کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے نثار میمن نے صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی سے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کے خاتمے کے ساتھ علاقائی سطح پر صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کا اقدام قابل تقلید عمل ہے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے محکمہ انسداد تجاوزات شاہ فیصل زون کو ہدایت کی کہ ریلوے ٹریک کے اطراف گرین بیلٹس کی تعمیر میں حائل تمام تر تجاوزات اور رکاوٹوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔