کراچی (جیوڈیسک) مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار جب کہ شہر کے بڑے حصے میں بجلی غائب ہو گئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار جب کہ 150 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے کے شہر کے بیشر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں کورنگی، بلوچ کالونی، صدر، نارتھ کراچی، شاہراہ فیصل، ایئرپورٹ اور ڈیفنس کے علاقے شامل ہیں۔ بارش کے باعث شاہراہ فیصل پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار گر گئے جس کے باعث ٹریفک شدید جام ہو گیا۔
بارش کے باعث کراچی کو بجلی فراہم کرنے والا جامشورو پلانٹ کا فیڈر بھی ٹرپ کر گیا جب کی شہر میں بھی کے الیکٹرک کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی ہے۔
فیڈر ٹرپ ہونے کے باعث جو علاقے متاثر ہوئے ہیں ان میں گلستان جوہر، گلشن اقبال، کورنگی، موسمیات، ملیر، نارتھ کراچی، ناظم آباد، لانڈھی، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، صدر، لائنز ایریا، کورنگی، ڈیفنس اور پی آئی بی کالونی کے علاقے شامل ہیں۔ بجلی غائب ہونے کے باعث پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے شہر کو پانی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔
کراچی کے علاوہ حیدرآباد، میرپور، بدین، ٹھٹہ اور گردو نواح میں بھی ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جب کی محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں بھی مون سون کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔