اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران منگلا اور تربیلا ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں 189 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک کے بالائی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں سے جہاں گندم کی فصل پر اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں وہیں ملک کے آبی ذخائر میں خاطر خوا اضافہ دیکھا گیا ہے ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان ڈویژن ، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن،راولپنڈی ، اسلام آباد اور کشمیر میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
منگلا ڈیم میں دو دنوں کے دوران پانی کی سطح میں 11 فٹ جبکہ پانی کی آمد میں 58 ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1130 اعشاریہ 60 فٹ جبکہ ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 19 ہزار 488 کیوسک اور اخراج 26 ہزار 231 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 13 لاکھ 16 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تربیلا ڈیم میں 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں 3 فٹ کا اضافہ جبکہ ڈیم میں پانی کی سطح 1452 اعشاریہ 73 فٹ ، ڈیم میں پانی کی آمد 55 ہزار کیوسک اور اخراج 15 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔
تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 16 لاکھ ایک ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ مجموعی طور پر دونوں ڈیموں میں پانی ذخیرہ 29 لاکھ 17 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔