جھنگ (جیوڈیسک) جھنگ کے قریب دریائے چناب میں طغیانی سے متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔
دریائے چناب میں پانی کے اضافے سے قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا اور سیکڑوں ایکڑ اراضی پر محیط فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
ضلع جھنگ کے 60 سے زائد دیہات زیر آب ہیں جن میں اٹھارہ ہزاری اور احمد پور سیال کے متعدد گاؤں شامل ہیں۔
سیلاب کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور متاثرین سیلاب نقل مکانی پر مجبور ہیں ۔ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 45 ہزار 325 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 32 ہزار 525 ہے۔
دوسری طرف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل آج پھر برس پڑے۔ متعدد علاقوں میں ہلکی بوندا باندی اور رم جھم کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج موسلا دھار بارش کی نوید سنا ئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز کے دوران ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشیں ہو سکتی ہیں ۔ پنجاب ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کےبرساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔