برسات سے قبل شاہ فیصل زون کی حدود میں قائم تمام بڑے اور چھوٹے برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا دیاجائے گا۔اسلم پرویز
Posted on May 23, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کی خصوصی ہدایت پر مون سون برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے شاہ فیصل زون میں تمام چھوٹے اور بڑے برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا گیا۔
بلدیہ شرقی شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز نے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے علاقے گرین ٹائون میں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ مون سون برسات سے قبل شاہ فیصل زون کی حدود میں برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا لیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے سیوریج فلو کو بھی درست بنایا جارہا ہے اسلم پرویز نے کہاکہ برساتی نالوں کی صفائی میں حائل تجاوزات کے خاتمے کے لئے عوام تعاون کریں تجاوزات نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ ہیں انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں کی ہیوی مشنری کے ساتھ افرادی قوت کے ساتھ مینول صفائی کو بھی یقینی بنا یا جارہا ہے۔
انہوں نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ تمام نالوں کی صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے کے ساتھ نالوں سے نکلنے والے ملبے اور فضلے کو بروقت ٹھکانے لگا یا جائے شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ برساتی نالوں میں سیوریج لائنوں کے کنکشن ڈالنے سے اجتناب کریں اور نالوں میں کوڑا کرکٹ ،مٹی اور ملبہ ڈالنے سے گریز کریں تاکہ برساتی نالوں کی افادیت کو قائم و دائم رکھ کرنہ
صرف نکاسی آب کے نظام کو درست بلکہ صحت مند ماحول کا قیام بھی یقینی بنا یا جاسکے۔