لاہور(جیوڈیسک)مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، ایبٹ آباد اور گلیات میں برفباری سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے بارہ گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش پٹن میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ بہاولنگر اور منگلا میں 17 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ جس سے موسم سرد ہو گیا۔سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ خوب بادل برسے ،، یہاں تیرہ ملی میٹر بارش ہوئی۔دیر میں دس اور کوئٹہ میں نو ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے حالیہ سلسلے سے جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی۔اسلام آباد، قلات ، جیکب آباد، ٹی ٹی سنگھ، سرگودھا ، منڈی بہا الدین،، چترال ، اور خضدار میں ہلکی بارش ہوئی۔
لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،، یہاں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سبی میں بارش کی وجہ سے میلے کے دوسرے روز کی تقریبات بھی معطل ہورکر رہ گئیں۔ وادی نیلم اور لیپہ کے اکثر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
ایبٹ آباد ، نتھیاگلی، ایوبیہ،میراجانی اور ٹھنڈیانی میں دوفٹ تک برف پڑ چکی ہے اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ برفباری سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران لاہور، اسلام آباد ،بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ،شمال مشرقی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے جبکہ مری ،مالاکنڈ ،ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔