لاہور(جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹنے سے بجلی کی طلب میں قدرے کمی ہو گئی، شارٹ فال کم ہو کر چار ہزار تین سو میگاواٹ ہو گیا دوسر ی طرف کراچی میں کے ای ایس سی کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی،موسم بدلا تو وزارت بجلی پانی کے اعداد وشمار بھی بدل گئے۔
بجلی کی پیداوار 10 ہزار 2 سو جبکہ طلب 14ہزار5 سو میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال 4 ہزار 3 سو میگاواٹ ہو گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پیداوار میں بہتری سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
حکومتی اقدامات کے بعد بجلی کی پیداوار گیارہ ہزار 400 میگاواٹ تک پہنچ گئی جبکہ طلب 15ہزار600 میگاواٹ ہے جس سے بجلی کا شارٹ فال چار ہزار دو سو میگاواٹ رہ گیا ہے اور شہری علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی ہوئی ہے تاہم مجموعی طور پر اب بھی شہری علاقوں میں کم از کم بارہ اور دیہی علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔