بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا

Rain

Rain

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ ریلوے لائنوں کے قریب سرکلر روڈ پر گندگی کے ڈھیروں اورپانی کھڑا ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا، متذکرہ روڈ پر کباڑ کے علاوہ فرنیچر مرمت کی دکانیں اور پرائمری سکول بھی واقع ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے طلباء وطالبات روزانہ سکولز کالجز میں جانے کیلئے یہ روڈ استعمال کرتے ہیں جبکہ یہاں برسوں سے گندگی کے ڈھیر قائم ودائم ہیں۔

معمولی بارش کے بعد کوڑا کرکٹ پانی میں ڈوب جاتا ہے جن میں خطرناک جراثیم،کیڑے اور ڈینگی مچھرجنم لیکر علاقہ کی عوام میں بیماریاں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ اسی طرح قدرت آباد بھروکی روڈ، الہ آباد اور دیگر مقامات پر بھی بارش کے بعد پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریٹر سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔