بارش سے واسا کے دعوے بے نقاب , شہر زیر آب

Rain

Rain

فیصل آباد (جیوڈیسک) واسا کے پمپنگ سٹیشنز کا عملہ عید منانے کے لئے ایک روز قبل ہی چھٹیوں پر چلا گیا۔ مون سون کا سیزن شروع ہوتے ہی فیصل آباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے واسا کے بلند و بانگ دعوے پانی میں بہہ گئے۔

موسلا دھار بارش کے دوران شہر کے مختلف نشیبی علاقے پانی میں ڈوبے نظر آئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے دوران منصور آباد، جھمرہ روڈ، ڈجکوٹ روڈ، سرگودھا روڈ سمیت مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے ۔ عید کے موقع پر واسا ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئی تھیں، لیکن واسا کے پمپنگ سٹیشنز کا عملہ ایک روز قبل ہی چھٹیاں منانے کیلئے گھروں کو چلا گیا۔

جس کی وجہ سے پانی کی نکاسی رات گئے تک نہ ہو سکی۔ بازاروں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے عید کی خریداری کیلئے آنے والے مرد و خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واسا کی جانب سے مون سون کا سیزن شروع ہونے کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، لیکن بارش نے واسا کے تمام دعوؤں کا پول کھول دیا۔