جھنگ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ دریائوں میں پانی کی آمد اور مون سون بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور اربن ایریا کے علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کے لئے متعلقہ محکمے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل رکھیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرکے بھاری جانی ومالی نقصانات سے بچا جاسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے متوقع سیلاب کی آمداور مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے کئے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذیشان اصغر،ڈی او سی ہارون رشید، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بابر رحمن،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ای ڈی او سی ڈی خالد راجواورمحمد خان بلوچ کے علاوہ محکمہ زراعت، ہیلتھ ،لائیو سٹاک،سوشل ویلفیئر، لیبر، سول ڈیفنس، فنانس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ افسران اور نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نادر چٹھہ نے افسران سے کہا کہ متوقع سیلاب یا بارشوں کی تباہ کاریوں سے بچائو کے لئے تمام ضروری اور حفاظتی انتظامات مکمل رکھیں اور ضرورت پڑنے پر ضلعی حکومت ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیںجو سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے اور انہیں خوراک ،ادویات ،پانی اور دیگر اشیاء فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل رہیں گی۔انہوںنے افسران پر واضح کیا کہ متوقع سیلابی صورتحال کی وجہ سے امدادی کاروائیوں میں تاخیرنہیں ہونی چاہیے۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ ضلع کے تمام حفاظتی بندوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے عملہ تعینات کر دیا گیا ہے اور بندوں کی صورتحال ہر لحاظ سے تسلی بخش ہے ۔علاوہ ازیں ڈی سی اونے کہا کہ دیگر محکموں بھی اپنی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔