حالیہ بارشوں سے وزیرآباد اور گردونواح میں گندم اور دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں

Raining

Raining

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) حالیہ بارشوں سے وزیرآباد اور گردونواح میں گندم اور دیگر فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے نا رکنے والے سلسلے سے کسان پریشان ہوگئے، بارش کے رکنے کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام۔ رواں ماہ مارچ میں بارشوں کے لامتناہی سلسلہ کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصل پانی میں ڈوب کر مرجھا رہی ہے۔ نشیبی کھیتوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے فصلیں پیلی ہو کر ختم ہوتی جارہی ہیں۔متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری کی وجہ سے گندم کی فصل بالکل تباہ ہوگئی ہے بارش اور ژالہ باری سے تباہ ہونے والی گندم مویشیوں کے چارے کے قابل بھی نہیں رہی۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے قرضوں پر بیج کھاد اورتیل کے اخراجات کئے ہیں جبکہ تباہ ہوتی گندم کی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیںان کا کہنا ہے کہ اگر موسم مزید خراب رہا تو آئندہ ایک دو دنوں میں 70 سے80فیصد گندم کے کھیت تباہ وبرباد ہوجائیں گے اور ملک میں آمدہ سیزن میں شدید غذائی بحران پیدا ہوجائے گا۔ متاثرہ کسانوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقوں کا دورہ کرکے متاثرہ کسانوں کیلئے ریلیف کا بندوبست کریں اور ان کے زرعی قرضے ،بجلی کے بل معاف کئے جائیں۔