بارش سے موسم خوشگوار، سوات میں چھت گرنے سے ماں دو بچوں سمیت جاں بحق

Rain Weather

Rain Weather

لاہور/منگورہ (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔لاہور سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں دھوپ نکل آئی، دوسری جانب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہونے سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ادھر سوات میں چھت گرنے سے ماں اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، اسلام آباد ، سرگودھا ، فیصل آباد ، استور ، بالاکوٹ ، مالم جبہ ، پارا چنار، مظفر آباد اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوتی رہی۔لاہور میں رات کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا تاہم آج صبح آسمان صاف ہو گیا اور تیز دھوپ نکل آئی۔سوات میں شدید بارش کے بعد کالام میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

برفاتی تودہ گرنے سے وادی کیلاش اور بمبوریت روڈ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 97 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔کالام 35 ، مظفر آباد30 ، لوئر دیر 42، راولپنڈی 20، اسلام آباد 17 اور لاہور میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔مانسہرہ میں داسو اور ہربن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی جس سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ادھر چترال اور گردونواح میں چار روز بعد بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گرم چشمہ ، بونی ، بمبو ریت ، تورکوہ اور لواری ٹنل روڈ بند ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔