کراچی (جیوڈیسک) میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حالات معمول پرآرہے ہیں ۔ سیلاب سے سب سے زیادہ سعدی ٹان، امروہہ سوسائٹی اور صفورہ گوٹھ کے علاقوں کو نقصان پہنچا۔ فوج اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
کراچی میں موسلادھاربارش اورسیلاب اپنے پیچھے تباہی کی داستان چھوڑ گیا ہے۔ ہفتے کی صبح ہونے والی شدید بارش اور کیر تھر سے آنے والے سیلابی ریلے نے شہر میں تباہی مچادی ۔بپھرے سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ نقصان سعدی ٹان،امروہہ سوسائٹی اور صفوراچورنگی کے قریبی علاقوں کو پہنچا۔
سیلابی ریلے کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور شہریوں کا سامان اور قیمتی اشیا بہا لے گیا۔ سیلاب میں کئی گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔ طو فانی بارشوں کو چوبیس گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی متاثرہ علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور فوج اور امدادی ادارے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
بارش اورسیلاب سے شہرکی سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ملیرندی اور لیاری ندی میں طغیانی سے قیوم آباد سے کورنگی جانے والی ڈیرھ سو فٹ سڑک تباہ ہو گئی جس سے شہریوں کو آمد رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔