بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتین گرنے، کرنٹ لگنے سے 31 افراد جاں بحق، 26 زخمی

Rains

Rains

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بارش نے تباہی مچا دی ، چھت گرنے اور کرنٹ لگنے سے مختلف شہروں میں 31 افراد ہلاک چھبیس زخمی ہو گئے ، مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں تک جاری رہے گا، مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ور کشمیر سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رینالہ خورد، اوکاڑہ، بہاولپور اور ملتان میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

کندیاں کے مقام پر پپلاں میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ سیالکوٹ کے علاقوں گوہد پور اور گارڈن ٹاؤن میں شدید بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

اوکاڑہ ، نارروال اور جھنگ میں بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گر گئیں جس سے ایک بچی جاں بحق اور خاتون سمیت تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ کامونکی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی سمیت تین افراد جاں بحق ، ایک زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد میں پاورلوم فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدور دم توڑ گیا۔

پسرور میں تیز بارش کے باعث نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔ میکلوڈ گنج ٹبی ارائیں کے پاس نہر مراد واہ میں شگاف پڑنے سے پانی قریبی آبادی اور فصلوں میں داخل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔