گلگت بلتستان (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونےوالی تیز بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ بدھ سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد حالیہ بارشوں میں ہلاکتوں کی تعداد 110 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں چوتھے روز بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا۔
مظفر آباد میں ضلع حویلی میں خورشید آباد کیمری کے مقام پر تین مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے ، جبکہ واقعہ میں 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں گورالی والا میں سیلابی ریلے کے باعث 15 سے زائد کچے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حافظ آباد میں دریائے چناب میں ایک شخص سیلابی ریلہ میں بہہ گیا جس کی تلاش جاری ہے۔نارووال میں نواحی گاوں جاجن والی میں مکان کی چھت گرنےسے ایک بچی جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے ادھر سیالکوٹ کے نواحی علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔