‘اگلی بارشوں سے پہلے کراچی کے بڑے نالوں کی توسیع و تعمیر مکمل ہو جائے گی’

Syed Murad Ali Shah

Syed Murad Ali Shah

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں سب سے پہلے تین بڑے نالوں پر کام کریں گے، محمود آباد نالے کے بعد گجر نالے اور پھر اورنگی نالے پر کام ہو گا۔

کراچی میں وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور ایم کیو ایم کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی، پریس کانفرنس کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگلی بارشوں سے پہلے تمام بڑے نالوں کی توسیع اور تعمیر کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے کراچی کے تین بڑے نالوں پر کام کریں گے، محمود آباد نالے کے بعد گجر نالے اور پھر اورنگی نالے پر کام کریں گے۔