کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل حسن رضا کی صدارت میں شاہ فیصل کالونی میں متوقع برسات کے پیش نظر دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ ہیلتھ ،محکمہ تعلیم ،کے الیکٹرک،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،فائر بریگیڈاور شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل حسن رضا نے کہاکہ کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر کورنگی کے احکامات پر شاہ فیصل زون میں عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور اداروں کے باہمی تعاون سے دوران برسات سہولت کی فراہمی کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے تمام محکموں سے کہاکہ وہ متوقع برسات کے حوالے سے ہنگامی پلان ترتیب دیں اسسٹنٹ کمشنر نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے اور نکاسی آب کے نظام کی مکمل نگرانی کی جائے خصوصاً نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں رین ایمرجنسی کے حوالے سے تمام امور کی انجام دہی کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے محکمہ ہیلتھ اور تعلیم کو ہدایت کی کہ دوران برسات صحت مند ماحول کے قیام اور عوام کو کسی بھی ناگہانی آفات سے محفوظ رکھنے کے لئے ریلیف کے حوالے سے انتظامات کی ہدایت کی گئی اجلاس میں دوران برسات بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے انتظامات کرنے کے لئے کے الیکٹرک کے انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔