رائیونڈ (جیوڈیسک) ایم این اے ملک افضل کھوکھر کی ہدایت پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے رائیونڈ اندرون شہر میں گلیوں کی تعمیر نو شروع کردی۔ گزشتہ روز افضل کھوکھر نے ترقیاتی منصوبہ کا معائنہ کر تے ہوئے کہا کہ مخالفین مسلم لیگ ن پر بے جا تنقید اور حسدکے بجائے عوامی فلاح کے منصوبوں میں مقابلہ کریں۔
وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رائیونڈ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز دئیے ہیں۔ رائیونڈ کی ہر گلی نئے سرے سے تعمیر ہو گی، اہل رائیونڈ کو لاہور جیسی بنیادی شہری سہولیات کی جلد از جلد فراہمی میری خواہش ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور شکایات پر انہیں براہ راست مطلع کریں۔