لاہور (جیوڈیسک) کے علاقے راوئیونڈ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے خلاف فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
رائیونڈ میں دہشتگردوں کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشتگردوں کے پاس جدید اسلحہ موجود ہے جس سے فائرنگ کی جارہی ہے جبکہ کمپاؤنڈ سے 2 راکٹ بھی فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی فورسز نے پنڈاریاں کے تمام راستے سیل کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور چھتوں پر چڑھنے سے بھی گریز کریں، ایس پی زاہد مروت کا کہنا ہے۔
کہ دہشتگردوں کے خلاف 7 گھنٹے سے جاری آپریشن آخری مراحل میں ہے جسے جلد منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ آپریشن میں پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔