لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے نواحی قصبے رائےونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اجتماعی دعا کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا۔ دعوت و تبلیغ کا پیغام لے کر قافلے اپنی منازل کی طرف رواں دواں ہو گئے۔ شرکاء کی واپسی کے موقع پر سڑکوں پر ٹریفک کازبردست رش لگ گیا۔
رائےونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے میں اختتامی دعا امیر جماعت حاجی عبدالوہاب نے کرائی۔ اس دوران شرکاء کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ حاجی عبدالوہاب نےاللہ کے حضور گڑگڑا کردعا کی کہ اےاللہ تو ہم سے راضی ہو جا۔
ہمیں دین پر چلنے والا بنا دے،اللہ تو ہمیں غفلت کی نیند سے بیداری نصیب فرما، ہمیں خود بھی دین پر چلنے والا بنا دے اور دعوت و تبلیغ میں بھی ہماری رہ نمائی فرما دے۔
اللہ ہمیں آزمائشوں میں نہ ڈال،مسلمانوں میں اتحاد واتفاق پیدا کر دے،اے اللہ پاکستان کی حفاظت اور مسلمانوں کو کامیابی نصیب فرما،اجتماع کےدوسرے مرحلے میں 6 ہزار سے زائد غیرملکی مندوبین بھی شریک ہوئے۔ قافلوں کی واپسی شروع ہوئی توسڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا۔