شیخوپورہ (دانیال منصور سے) صوبائی وزیر محنت اینڈ ہیومن ریسورس راجہ اشفاق سرور نے لیبر کالونی جوئیانوالہ موڑ میں واقع ورکرز ویلفئیر سکول (بوائز) کا اچانک دورہ کرنے پہنچے تو بچون کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر چیخ و پکار کرنے لگا معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ بریک ٹائم بیس منٹ پہلے ہی ختم ہو چکا تھا۔
جبکہ پرنسپل بریانی کھانے میں مصروف پائے گئے پرنسپل کی غلط بیانی ، سکول کی بد نظمی ،اور انتظامات کے برے ترین منظر کو دیکھتے ہی صوبائی وزیر نے پرنسپل کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا ۔جبکہ جھوٹی صفائی پیش کرنے والی فی میل ٹیچر مس شازیہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
انہوں نے مختلف کلاسوں میں جا کر بچوں سے سبق بھی سنا اور تمام سکول کا بغور معائنہ کیا ۔ سکول کی لائبریری میں اساتذہ کی ریفرشمنٹ جبکہ آئی ٹی لیب گردوغبار سے اٹی پڑی تھی اور سکول کے طلبہ کا سالانہ نتیجہ معیار سے بہت کم پایا گیا۔
اس موقعہ پر صوبائی وزیر نے پرنسپل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے مزدوروں کے خون پسینے سے حاصل ہونے والی کمائی اساتذہ کی عیاشی کے لئے استعمال نہیں ہونے دونگا ۔جو بچوں کو تعلیم نہیں دے سکتے ،سکول کے انتظامات نہیں دیکھ سکتے ، اور سکول اوقات میں پارٹیاں کرتے ہیں ان کے لئے تعلیمی اداروں میں کوئی جگہ نہیں وہ گھر کا رخ کریں۔
ہر مزدور کا بچہ بہترین تعلیم کا حقدار ہے حکومت پنجاب ہر حال میں انکو علم کی دولت سے آراستہ کر کے اپنا فرض ادا کرے گی ۔انہوں نے ناقص انتظامات پر معطل ہونے والے پرنسپل کی سرزنش کی۔
جبکہ بعد ازاں ورکرز ویلفئیر سکول (گرلز )کا بھی دورہ کیا جہاں انتظامات و نتائج اور کار کردگی بہتر پائے گئے اس کے بعد صوبائی وزیر نے قریبی بھٹہ خشت کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مزدوروں سے بات چیت کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم اور وظائف جیسی سہولتیں حکومت پنجاب ہر حال میں فراہم کرے گی۔