کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ فاتح سندھ غازی محمد بن قاسم نے فتح کے بعد سندھ میں عدل و انصاف معاشی اور معاشرتی ترقی کے لیے جو کارہائے نمایاں انجام دیے وہ تاریخ کا حصہ ہیں، راجہ داہر کے ظلم و ستم سے نہ صرف مسلمان بلکہ سندھ کے ہندو بھی نالاں تھے، راجہ داہر کو ہیرو کہنے والے دروغ گوئی کے ذریعے تاریخ کو مسخ نہیں کرسکتے۔
یہ بات انہوں نے انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کراچی کے زیر اہتمام یوم سندھ باب الاسلام کانفرنس سے انچولی سوسائٹی کے مقامی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور اے این آئی پاکستان کے بانی وسرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا کہ جب ظلم کی انتہا ہو جائے اور ظالم تمام حدود عبور کر لیں تو مظلوم اور معصوم لوگوں کی دعائیں رنگ لاتی ہیں راجہ داہر کے ظلم نے غازی محمد بن قاسم کو سندھ کی جانب پیش قدمی پر مجبور کیا، سندھ کو فتح کر کے نوجوان سپہ سالار 17 سالہ محمد بن قاسم نے سندھ کی جو خدمت کی اس کی تاریخ گواہ ہے۔