راجا نٹور لال‘‘ کو توقع سے بڑھ کر پذیرائی ملی، آئندہ سپر اسٹارز کیساتھ نظر آؤاں گی، عمائمہ ملک

Humaima Malik

Humaima Malik

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک کی حال ہی میں ریلیزہونے والی فلم ’’راجا نٹور لال‘‘ کا منافع بخش بزنس دیکھتے ہوئے سینما گھروں کے منتظمین اور فلم کے امپورٹرز نے مزید ایک ہفتے کے لیے فلم کی نمائش جاری رکھنے کا فیصلہ کر دیا۔

عمائمہ کی فلم نے بالی وڈ کی سپر اسٹار پریانکا چوپڑا کی فلم ’’میری کوم ‘‘ سے زیادہ بزنس کیا ہے اور دو ہفتوں بعد بھی فلم بینوں کی بڑی تعداد ’’راجا نٹورلال‘‘ دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کررہی ہے۔ عمائمہ ملک نے اپنی فلم کی کامیابی اور وطن واپسی پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’راجا نٹورلال‘‘ کو میری توقعات سے بڑھ کر بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رسپانس ملا ہے۔

فلم نے اپنی لاگت سے کئی گناہ زیادہ بزنس کیا اور دو ہفتے گزرنے کے بعد بھی فلم کی نمائش جاری ہے۔ خاص طور پر پاکستان میں فلم کے امپورٹرز نے پریانکا چوپڑا کی فلم ’’میری کوم‘‘ کو نمائش کے لیے پیش کیا تھا لیکن میری فلم کا بزنس بہت اچھا اور منافع بخش تھا جس کی وجہ سے فلم کی نمائش کوجاری رکھا گیا ہے۔

لیکن اس کے باوجود میری شہرت سے جلنے والے مخالفین کا ٹولہ میری فلم کو ناکام قرار دے رہا ہے، میں توصرف اتنا جانتی ہوں کہ بالی ووڈ جیسی فلم انڈسٹری میں کوئی کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔ اب تو فلم کی لاگت کے ساتھ ساتھ ہونے والے کاروبار کے اعداد وشمار انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف ویب سائٹس پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس لیے میرے مخالفین اگر میرے حوالے سے کوئی بھی گیم تیار کریں توانھیں پہلے انٹرنیٹ کے ذریعے فلم کے کاروبار کی تفصیلات جان لینی چاہیے ہیں تاکہ انھیں کسی قسم کی شرمندگی نہ ہو۔ پاکستان میں مجھ سے پہلے بھی پاکستانی فنکاروں کی فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں اور بعد میں بھی ہوئی ہیں لیکن اللہ کا خاص کرم ہے کہ میری فلم نے پاکستان میں منافع بخش بزنس کیا ہے اور فلم کے امپورٹرز بھی اس پر بے حد خوش ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے کہا کہ مستقبل میں بالی ووڈ میں بہت سے پروجیکٹس میں کام کرتی دکھائی دونگی۔ اس فلم میں عمران ہاشمی اور فلم کے ڈائریکٹر کونال دیش مکھ کے ساتھ کام کیا تھا لیکن مستقبل میں بالی ووڈ کے سپراسٹارز کے ساتھ کام کروں گی۔ اس لیے میرے مخالفین صرف جلتے رہیں گے، مگر میں ترقی کی نئی راہوں پرچلتے ہوئے آگے بڑھتی رہوں گی۔