فیصل آباد (جیوڈیسک) راجہ ریاض نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تو جیالوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور فضاء میں لوٹے لہرانے کے ساتھ ساتھ راجہ ریاض کی تصاویر بھی جلا دیں۔
جیالوں کے ساتھ خواتین ورکرز نے بھی راجہ ریاض کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مفاد پرست قرار دے دیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے کھلاڑی بھی راجہ ریاض کی پارٹی میں شمولیت کے خلاف سڑکوں پر آ گئے۔
مظاہرین نے راجہ ریاض کی تصاویر اٹھا کر احتجاجی ریلی نکالی اور راجہ ریاض کو چلا ہوا کارتوس قرار دیتے ہوئے کپتان سے ایسے سیاستدانوں کو پارٹی میں شامل نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
فیصل آباد میں راجہ ریاض کے پارٹی چھورنے پر جیالوں کی خوشی اور کھلاڑیوں کے احتجاج نے وفادریاں تبدیل کرنے والے سیاستدانوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔