راجن پور (جیوڈیسک) راجن پور میں کچے کے علاقے میں 8 مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی اور ڈاکووں کی گرفتاری کیلئے کئے گئے آپریشن کا آٹھ روز بعد ڈراپ سین ہوہی گیا۔ تمام مغویوں کو مذاکرات کے بعد بازیاب کرا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق راجن پور میں کچے کے علاقے میں پنجاب پولیس کے چار اضلاع کی پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کی بازیابی کے لئے اور ڈاکووں کے خلاف آٹھ روز سے اچھل کود میں مصروف عمل تھی۔ لیکن اسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو رہی تھی۔
آخر کار مذاکرات ہی شاید بہترین حل نظر آیا جس پر ایم پی اے عاطف مزاری اورمقامی زمین داروں نے ڈاکو چھوٹو اور اس کے گینگ سے مذاکرات کی ذمہ داری اٹھائی۔ جس کے بعد بھاگ سر کے مقام سے تمام آٹھ مغوی اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا گیا۔ تاہم ڈاکووں سے کن نکات پر مذاکرات کئے گئے ہیں یہ بات سامنے آنا باقی ہے۔