راجن پور : مدارس کے طلبہ کی بس کو چھوڑ دیا گیا، بچے والدین کے حوالے

Rajan Pur

Rajan Pur

راجن پور(جیودیسک) راجن پورکے لاری اڈے سے قبضے میں لی گئی مختلف مدارس کے طلبہ سے بھری بس کو چھوڑ دیا گیا۔ تمام بچوں کو والدین کے حوالے کرکے زیر حراست افراد کو بھی جانے کی اجازت دے دی گئی۔ پولیس کے مطابق راجن پور کے علاقے لاری اڈہ میں ایک مشکوک بس کو روکا گیا جس میں 8 افراد اور مدارس کے 25 طلبہ سوار تھے۔

بچوں کو لیجانے والے افراد سے پوچھ گچھ کی گئی لیکن ان کے پاس کسی ادارے کے شناختی کارڈ نہیں تھے۔ جس پر پولیس نے بچوں اور بس کو تحویل میں لے لیا اوربڑی عمرکے افراد کو حراست میں لیکر سٹی تھانے منتقل کردیا۔

تفتیش کے دوران زیر حراست افراد نے بتایا کہ وہ مختلف مدارس کے بچوں کو سیر و تفریح کے لیے مری لے جارہے تھے۔ بس میں سوار 8 سے 14 سال کی عمرکے بچے سوارتھے ان سے بھی معلومات لی گئیں جس کے بعدان کے والدین کوتھانے بلا کر بچوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا اور شبہ دور ہونے پر زیرحراست افراد کو بھی چھوڑ دیا گیا۔