راجن پور کے نواحی علاقے روجھان میں تیسرے روز بھی نو یرغمال پولیس اہلکاروں کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب خان بیگ بھی راجن پور پہنچ گئے۔ ایک مغوی زخمی اہلکار دم توڑ گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مزید نفری دریائے سندھ کے کنارے پہنچ کر اردگرد کا علاقہ کو گھیرا ہوا ہے۔
روجھان کے علاقے کوٹلہ جمال میں قائم پولیس کی دو چوکیوں پر اتوار کو شرپسندوں نے قبضہ کرکے نو پولیس اہلکاروں یرغمال بنا لیا۔ اغوا کاروں نے پولیس اہلکاروں کی رہائی کے بدلے اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور تاوان کا مطالبہ کیا ہے ۔ پیٹی بھائیوں کی بازیابی کے لئے پولیس حکام نے مقامی سرداروں کے ساتھ مل کر بات چیت کی جو بے نیتجہ رہی۔
جس کے بعد وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ٹیم ڈاکوں کے سرغنہ غلام رسول چھوٹو اور عطااللہ سے مذاکرات کر رہی ہے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب خان بیگ نے آر پی او ڈیرہ غازی خان اور آر پی او بہاولپور سے ممکنہ آپریشن کی بریفنگ لی۔ پولیس کی پانچ اضلاع سے مزید نفری جدید اسلحہ اور کشتیوں سمیت روجھان پہنچ گئی ہے۔