راجن پور (جیوڈیسک) تحصیل کوٹ مٹھن کے حفاظتی بند میں سیلابی ریلے نے شگاف ڈال دیا۔ تاہم انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شگاف پر کر دیا ہے۔
سندھ میں بھی کچے کے کئی علاقے دریائے سندھ کے سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ راجن پور میں کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کا بہاؤ تقریباً 8 لاکھ کیوسک رکارڈ کیا جارہا ہے۔
رات گئے پانی کے دباؤ کے باعث کوٹ مٹھن کے حفاظتی بند میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا جسے بند پر موجود ضلعی انتظامیہ نے مشینری کے ذریعے پتھر اور مٹی ڈال کر بروقت شگاف پر کر دیا۔ تاہم بند پر اب بھی پانی کا شدید دباو ٔہے اور بند بدستور خطرے میں ہے۔
گزشتہ روز بھی مشوری بند اور لغاری بند ٹوٹنےسے کوٹ مٹھن کی 20 سے زائد بستیوں میں پانی داخل ہوگیا تھا۔ لیہ میں دریائے سندھ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث نالہ کریک میں طغیانی ہے اور قریبی بستیوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔
سندھ میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔نواب شاہ کے علاقوں سکرنڈ، قاضی احمد اوردولت پور سے 5 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا ریلا گزر رہا ہے ،کچے کے 80 دیہات زیر آب آچکے ہیں۔
دریائے سندھ میں کشمور کے مقام پراونچے درجے کا سیلاب ہے۔ کے کے حفاظتی بند کے دو مقامات پر پانی کا شدید دباؤ ہے اور کچے کے علاقے میں کئی بستیوں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔