راجن پور (جیوڈیسک) چھوٹو گینگ کے گرد آخر زمین تنگ ہو گئی اور فرار کے تمام راستے بند ہو گئے۔ فورسز نے دن بھر آپریشن کے دوران ڈاکوؤں پر کاری ضرب لگائی۔ پاک فوج کے جوانوں کی پیش قدمی کے بعد ڈاکو گڑھ کچا جمال میں مورچے چھوڑ کر جنگل کی طرف بھاگ نکلے۔ فورسز کی جانب سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر زبردست گولہ باری بھی کی گئی۔
اس دوران ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے کی وارننگ دیتے ہوئےفضا سے پمفلٹ بھی پھینکے گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ 24 مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کرنے پر مجبور ہو گیا۔ فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں چھوٹو گینگ ہتھیار ڈالنے کیلئے تیار بھی ہوگیا ہے۔