راجن پور (جیوڈیسک) حکام ے بقول اس کومبنگ آپریشن میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے صوبہ پنجاب اور بلوچستان کی سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے کم ازکم چار مشتبہ دہشت گردؤں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرنے کا بتایا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ “آئی ایس پی آر” کے مطابق ہفتہ کو یہ کارروائی گیانداری نامی علاقے میں کی گئی اور مشتبہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ حکام ے بقول اس کومبنگ آپریشن میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔ شائع شدہ اطلاعات کے مطابق فوج نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
پنجاب کا یہ سرحدی علاقہ دریا اور گھنے جنگلات کی وجہ سے مشتبہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ رہا ہے لیکن رواں سال ہی سکیورٹی فورسز نے بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے خلاف ایک بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اس کے سرغنہ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔
گزشتہ ماہ کوئٹہ کے سول اسپتال کے باہر ایک خودکش بم دھماکے میں پولیس اور وکلا سمیت کم ازکم 73 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پورے ملک میں سکیورٹی فورسز کے کومبنگ آپریشن کا اعلان کیا تھا۔
مختلف علاقوں میں اب تک کی جانے والی کارروائیوں میں متعدد مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک و گرفتار کیا جا چکا ہے۔