راجن پور (جیوڈیسک) راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن آہن کی تیاریاں مکمل ہیں۔ علاقے میں کرفیو نافذ ہے۔ قریبی بستیاں خالی کرالی گئیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کو ہر صورت کامیاب کریں گے۔ کچے میں چھوٹو گینگ نہیں اب قانون کی رٹ ہو گی۔
پاک فوج نے قانون شکنوں کا صفایا کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں۔ فوجی دستے تیار، توپیں نصب ، گن شپ ہیلی کاپٹر فضا سے حملہ کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی قیادت میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی آپریشن میں شریک ہیں، اور آپریشن کی کامیابی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
آپریشن آہن کی تکمیل کے لیے علاقے میں کرفیو نافذ ہے، قریب کے کئی علاقوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر کڑا پہرا ہے تاکہ کوئی ڈاکو نکل نہ پائے۔ پاک فوج کے محاصرے کے بعد چھوٹو گینگ علاقے میں محصور ہوکر رہ گیا ہے۔ غلام رسول چھوٹو کی مذاکرات کی درخواست بھی فوج نے مسترد کر دی ہے۔