نئی دہلی (جیوڈیسک) جنوبی بھارتی فلموں کے سپر سٹار رجنی کانت کے پرستار ایک دیوتا کی طرح ان کی پرستش کرتے ہیں اور ان کی ہر آنے والی فلم کا بےتابی سے انتظار کرتے ہیں۔
65 سالہ رجنی کانت کی نئی فلم كبالي 22 جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کے مداحوں کا جوش اور تیاری دیدنی ہے۔ اس جوش کو دیکھتے ہوئے ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں کئی کمپنیوں نے 22 جولائی کو اپنے ملازمین کو چھٹی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جا رہا ہے کہ غالب امکان تھا کہ فلم کی ریلیز کے دن بیشتر ملازمین بیماری یا اتفاقی رخصت پر جا سکتے ہیں۔
ملازمین کو چھٹی دینے والی کمپنیوں میں سے ایک رچنا واٹر پروفنگ کے منوج پشپراج نے انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا، ’بڑی تعداد میں ملازمین کے دفتر نہ آنے اور فون بند کر دینے کے امکان کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کے بارے میں ’ملازمین کا شوق اور بےچینی ہم پر واضح تھی اور انھیں دیوالی بونس کی طرح كبالي بونس دے رہے ہیں۔‘
اسی طرح چنئی کی ایک اور کمپنی فايڈس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے بھی 22 جولائی کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے اس اعلان والے نوٹس کو کچھ ملازمین نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان کمپنیوں نے اپنے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو كبالي کے سنیما ٹکٹ بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔