حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) راجونی اتحاد کے زیر اہتمام خاصخیلی اتحاد کے عوامی جلسے میں سندھ کی تمام برادریوں کی شرکت ،لاکھوں کے عوامی اجتماع سے راجونی اتحاد سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین ، مہمان خصوصی سابق وزیر اعلی سندھ وجتوئی برادری کے سربراہ لیاقت علی جتوئی ،خاصخیلی برادری کے سربراہ و میزبان جلسہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ، سولنگی اتحاد کے سربراہ سردار خادم حسین سولنگی ،عوامی اتحاد پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ظفرعلی شاہ، راجہ غلام مصطفے خاصخیلی،جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے رہنما محمد فاروق کمال، گجراتی قومی موومنٹ کے رہنما محمد یونس سایانی اور محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر علی پٹی والا نے خطاب کیا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں دھاندلی اور جعلی مینڈیٹ کے تحت اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کو مسترد کرتے ہوئے حقیقی و عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کیا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات اور برادریاں استحصالیوں کیخلاف متحد و یکجا ہوجائیں تو اس ملک میں انقلاب اور حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن ہے۔
اس موقع پرروشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محب وطن روشن پاکستان پارٹی عوام کو شریک اقتدار بنانا اور با اختیاردیکھنا چاہتی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ احتساب کا حق مظلوم عوام کے ہاتھ میں ہو اور وہ اپنے منتخب نمائندوں سے باز پرس کرسکیں اور حساب کتاب لے سکیں تاکہ منتخب نمائندے ذاتی مفادات کی بجائے قومی وعوامی مفادات کو ترجیح دیں اور معاشرہ فلاح و ترقی کی جانب گامزن ہو جبکہ جمہوریت کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچیں اور پاکستان میں جمہوریت آمریت کے خدشات و خطرات سے محفوظ اور مستحکم ہو سکے۔