کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر و بزرگ رہنما امیر علی سولنگی کی صدارت میں ہونے والے پاکستان راجونی اتحاد کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پوری عقیدت ‘جوش ‘ ولولے ‘ عزم اور قومی وحدانیت کے جذبے سے سرشار ہوکر بھرپور انداز سے جشن آزادی منانے کا شعور قوم میں بیدار کرنے کیلئے تین روزہ شعوری مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں شریک سینئر وبزرگ رہنما امیر سولنگی’ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘اقبال ٹائیگرمارواڑی ‘ عارف راجپوت’ رمضان خان ‘ حسنین عباس زیدی ‘ زیشان صابری ‘ حکیم نوشاد عمرانی ‘ فیصل سندھی ‘ ملک فیروز اعون ‘ چوہدری نذیر ‘ واجہ عدنان بلوچ ‘ مشتاق پٹھان ‘ یونس سایانی ‘ اسلم مچھیارا ‘ لالاصدیق ‘ سلیمان راجپوت ‘ فاروق کمال جونا گڑھی ‘ یحییٰ خانجی تنولی ‘ اسلم خان ‘ علی سومرو ‘ڈاکٹر فتح میمن ‘ حاجی امیر علی خواجہ ‘ میڈم انیتا ‘ تبسم ناز اور ذکیہ بیگم اور راجونی اتحاد میں شامل سیاسی و سماجی جماعتوں کے سربراہان و عہدیداران نے کہا کہ حکمرانوں قومی ہیروز کے ایام پیدائش و وفات کو فراموش کرنے کے ساتھ پاکستان کے تاریخی ایام اور یوم آزادی کو بھی نظر انداز کردیا ہے۔
جس کی وجہ سے حب الوطنی اور قومی وحدانیت کو نقصان پہنچ رہا ہے مگر راجونی اتحاد ایسا ہرگز نہیں ہونے دے گی اس مقصد کیلئے ہم نے یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے11تا 13اگست تین روزہ شعوری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سندھ کے تمام اضلاع ‘ شہروں اور دیہاتوں میں تقریبات کا منعقد کرکے عوام میں جوش و ولولہ اور جذبہ پیدا کیا جائے گا اور تینوں دن لاکھوں کی تعدادمیں قومی پرچم عوام میں تقسیم کئے جائیں گے تاکہ جذبہ حب الوطنی کوفروغ حاصل ہو۔