کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک وقوم کو عرصہ سے یرغمال بنائے رکھنے والے استحصالی عناصر جمہوریت کے نام پر یکجا ہوکر اس استحصالی نظام کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے تحت چند محدود خاندانوں اور افراد کو ملک وقوم پر اقتدار اور قوم کے مستقبل کے فیصلوں کا بلا شرکت غیرے اختیار حاصل ہے اور یہ لوگ اپنے اور اپنی نسلوں کے کے مفادات کیلئے مسلسل قوم کے مقدر میں عذاب لکھ رہے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا ، وائس چیئرمین اسلم خان، صدر محمد سلیمان سولنگی راجپوت ، نائب صدر امیر علی خواجہ ، ایڈوکیٹ راجہ انور،اقبال ٹائیگر ، ایڈوکیٹ انیتا اور تبسم ناز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے عوام کا بنیادی حق ہے اور جلسے و جلوس جمہوریت کا حسن ہے اسلئے حکمرانوں کو تحریک انصاف کے30نومبر کے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔
امیر پٹی نے کہا کہ ہم انتخابی دھاندلیوں کی شفاف تحقیقات اور دھاندلی ثابت ہونے کی صورت نئے انتخابات کے مطالبے کی حد تک تحریک انصاف اور عمران خان سے متفق ہیں مگر عمران خان ، طاہرالقادری یا پرویز مشرف کے پاس ملک و قوم کے مسائل کے حل کا کوئی قابل عمل فارمولہ نہیں ہے۔
اسلئے ان ہم نواز لیگ ، پیپلز پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ ، تحریک انصاف ، پاکستان عوامی تحریک ،جماعت اسلامی ، سندھ و بلوچستان کی قوم پرست پارٹیوں اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو پاکستان کے مسائل کے یقینی حل کے ضامن محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے مقامی خودمختاری کے قابل عمل فارمولے کے مطالعے اور اس پر عملدرآمد کیلئے روشن پاکستان اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔